پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے گورنر سندھ کا 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان
عالمی چیمپیئن پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی
کراچی:گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے اپنی جانب سے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی چیمپیئن پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر سندھ نے ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے سندھ حکومت سے سفارش کی کہ ہر کھلاڑی کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ عالمی بلائنڈ کپ جیتنا پاکستان کے لیے ایک قومی اعزاز ہے۔ چوتھے عالمی بلائنڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تیسرے عالمی کپ میں بھارت میں ویزے کے مسائل کی وجہ سے پاکستان شریک نہ ہو سکا تھا۔
کامران ٹیسوری نے چیمپیئنز ٹرافی کے کراچی میں میچز کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
تقریب کے دوران پاکستان بلائنڈ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے ٹیم کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ اپریل میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی، جہاں سیریز کا انعقاد ہوگا۔ اس کے علاوہ اگلے ماہ چوتھی قومی ویمن بلائنڈ کرکٹ چیمپیئن شپ منعقد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مستقبل میں بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے، اویس لغاری
سید سلطان شاہ نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ کے فروغ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا اہم کردار رہا ہے، اور بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ دنیا کا پہلا بلائنڈ کرکٹ اسٹیڈیم لاہور میں تعمیر کیا گیا ہے، لیکن ابھی تک اسے کونسل کے حوالے نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان بلائنڈ ٹیم کے کپتان نثار علی نے کھلاڑیوں کا تعارف کروایا۔ تقریب میں کونسل کے عہدے دار سلمان بخاری، آصف عظیم، طاہر بٹ اور دیگر موجود تھے۔