زندگی بھر نہ منشیات، نہ سگریٹ نہ ہی شراب نوشی کی، جان ابراہم

جان ابراہم نے ممبئی میں بھارتی حکومت کی جانب سے منعقدہ ایک ’انسداد منشیات مہم‘ میں شرکت کی

بالی ووڈ کے معروف اداکار جان ابراہم نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں نہ کبھی منشیات کا استعمال کیا اور نہ ہی سگریٹ یا شراب نوشی کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جان ابراہم نے ممبئی میں بھارتی حکومت کی جانب سے منعقدہ ایک ’انسداد منشیات مہم‘ میں شرکت کی۔ اس دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنی صاف ستھری زندگی کا ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی نشہ آور اشیاء کو ہاتھ نہیں لگایا۔

طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے جان ابراہم نے کہا، ’’میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے کبھی منشیات استعمال نہیں کی، نہ سگریٹ نوشی کی اور نہ شراب نوشی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’منشیات سے دور رہیں اور اپنے دوستوں، ساتھیوں اور اردگرد کے لوگوں کے لیے ایک رول ماڈل بنیں۔ زندگی میں نظم و ضبط کو اپنانا سب سے اہم ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کا جنسی ہراسانی کا الزام، بھارتی بزنس مین گرفتار

یاد رہے کہ اس سے قبل جان ابراہم نے بالی ووڈ کے اداکار اکشے کمار اور اجے دیوگن کو پان مصالحہ کے اشتہار میں شامل ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

جان ابراہم کا کہنا تھا کہ جو لوگ فٹنس پر زور دیتے ہیں، وہی لوگ پان مصالحہ جیسے اشتہارات کا حصہ بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں اپنے تمام اداکار دوستوں سے محبت کرتا ہوں اور کسی کی بے عزتی نہیں کر رہا، لیکن میں اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتا۔ میں موت بیچنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔‘‘

Exit mobile version