اداکارہ کا جنسی ہراسانی کا الزام، بھارتی بزنس مین گرفتار

یہ مقدمہ غیر ضمانتی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا

کیرالہ: بھارتی ریاست کیرالہ میں مشہور تاجر بوبی چمنور کو جنسی ہراسانی کے الزامات پر اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملیالم فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہنی روز کی شکایت پر پولیس نے بوبی چمنور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔ یہ مقدمہ غیر ضمانتی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

اداکارہ ہنی روز نے اپنی شکایت میں موقف اختیار کیا کہ بوبی چمنور نے متعدد بار ان پر نامناسب اور جنسی نوعیت کے تبصرے کیے، جس کے باعث انہیں اور ان کے اہل خانہ کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ واقعہ تقریباً چار ماہ قبل پیش آیا تھا۔

اداکارہ نے ایک مقامی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان کے لیے سکون اور اطمینان کا باعث ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ اس معاملے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ریما خان پر کروڑوں کے فراڈ کے الزامات

واضح رہے کہ اداکارہ نے رواں ہفتے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے ساتھ ہونے والی ہراسانی کا ذکر کیا تھا، تاہم اس وقت انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔ اس پوسٹ کے بعد انہیں سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جس پر پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لیا۔

یاد رہے کہ بوبی چمنور چمنور گروپ کے چیئرمین ہیں، جو زیورات کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ، 2012 میں معروف فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کو کیرالہ مدعو کرنے میں بھی ان کا اہم کردار تھا۔

Exit mobile version