کینیڈین وزیراعظم کا وزارتِ عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان

اس وقت تک اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے جب تک کہ پارٹی ان کے متبادل کا انتخاب نہیں کر لیتی

اوٹاوا: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے وزارتِ عظمیٰ اور لبرل پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس وقت تک اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے جب تک کہ پارٹی ان کے متبادل کا انتخاب نہیں کر لیتی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، لبرل پارٹی کے کئی قانون سازوں نے جسٹن ٹروڈو پر عہدہ چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔ اسی دباؤ کے پیش نظر انہوں نے ایک نیوز کانفرنس میں اعلان کیا کہ پارلیمنٹ 24 مارچ تک معطل رہے گی۔

اس فیصلے کے تحت جسٹن ٹروڈو 20 جنوری تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے، جو اس دن نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا پر بھاری تجارتی محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کی دھمکی دی ہے، جس کے باعث کینیڈین معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔

53 سالہ جسٹن ٹروڈو نے 2015 میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ دو بار انتخابات میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم، ان کی مقبولیت میں اس وقت واضح کمی آئی جب ملک میں مہنگائی اور مکانات کی قلت جیسے مسائل نے عوام میں غصہ اور بے چینی پیدا کی۔

یہ بھی پڑھیں: چین: والد نے بیٹے کا رشتہ ختم کروا کر اس کی منگیتر سے شادی کرلی

عوامی رائے اور مختلف سروے رپورٹوں کے مطابق رواں سال اکتوبر میں ہونے والے انتخابات میں لبرل پارٹی کو اپوزیشن جماعت کنزرویٹو پارٹی سے سخت شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، چاہے پارٹی کی قیادت کوئی بھی کرے۔

پارلیمنٹ کی کارروائی 27 جنوری کو دوبارہ شروع ہونا تھی، تاہم اپوزیشن جماعتوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ حکومت کے خلاف جلد از جلد عدم اعتماد کی تحریک پیش کریں گے۔ اگر پارلیمنٹ مارچ تک معطل رہتی ہے تو اپوزیشن مئی میں یہ تحریک پیش کر سکتی ہے۔

حالیہ مہینوں میں جسٹن ٹروڈو کی مقبولیت میں مسلسل کمی دیکھنے میں آئی اور ان کی حکومت بمشکل عدم اعتماد کے ووٹ سے بچ پائی۔ ناقدین کی جانب سے ان کے مستعفی ہونے کے مطالبات میں بھی اضافہ ہو گیا تھا۔

واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے ابتدا میں 2025 کے انتخابات میں قیادت جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں اور دباؤ کے باعث وہ اس فیصلے پر قائم نہ رہ سکے۔

Exit mobile version