راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے دیوالیہ ہوتی معیشت کو بچا لیا ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے عمران خان نے یہ بات تسلیم کی۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ مانتے ہیں کہ حکومت نے معیشت کو استحکام دیا ہے؟
اس سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ہاں، حکومت نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، لیکن ابھی تک ترقی کی رفتار حاصل نہیں ہوسکی۔
عمران خان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو استحکام ضرور ملا ہے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ ترقی کا عمل ابھی تک شروع نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت سے ایک اور بڑا ریلیف مل گیا
مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے اہم اراکین عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے۔ ملاقات کرنے والوں میں علی امین گنڈا پور، اسد قیصر، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور راجہ ناصر عباس شامل ہیں۔
یہ ملاقات موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی حکمت عملی کے تناظر میں اہم قرار دی جارہی ہے۔
عمران خان کے اس بیان نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ معیشت کے حوالے سے ان کے اعتراف کو مختلف زاویوں سے دیکھا جارہا ہے۔