وی پی این رجسٹریشن کیلئے لائسنسنگ کے نئے منصوبے کا انکشاف

پاکستان میں وی پی این کے استعمال کو ریگولیٹ کرنے کے لیے لائسنسنگ کیٹیگری قائم

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (VPNs) کے استعمال کو ریگولیٹ کرنے کے لیے نیا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد وی پی این صارفین کے لیے ایک محفوظ اور منظم ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

پی ٹی اے نے وی پی این خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے ایک نئی لائسنسنگ کیٹیگری متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت کمپنیاں وی پی این سروسز فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کر سکیں گی۔

یہ اقدام غیر رجسٹرڈ وی پی این کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے اہم ثابت ہوگا، کیونکہ غیر رجسٹرڈ پراکسیز کو بلاک کیا جائے گا۔ لائسنس یافتہ سروس فراہم کنندگان کے ذریعے حکام کو وی پی این ٹریفک کی نگرانی کا موقع ملے گا، جو کہ ماضی میں ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پی ٹی اے کی جانب سے جاری حالیہ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سروس فراہم کرنے والوں کو ڈیٹا سروسز کے لیے "کلاس لائسنس” حاصل کرنا ہوگا تاکہ وہ وی پی این اور دیگر متعلقہ خدمات فراہم کر سکیں۔

ریگولیٹر پہلے ہی انٹرنیٹ اور فون سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کے علاوہ گاڑیوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز لگانے والی کمپنیوں کو لائسنس جاری کرتا ہے۔ تاہم، اب اس نئی کٹیگری کے تحت وی پی این خدمات کو بھی منظم کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مقامی کمپنیاں جو پاکستانی قوانین اور لائسنس کی شرائط پر عمل پیرا ہیں، صارفین کو پراکسی سروسز فراہم کریں۔ اس کے علاوہ پی ٹی اے کو ان کمپنیوں پر مزید کنٹرول حاصل ہوگا، کیونکہ اس وقت زیادہ تر وی پی این فراہم کنندگان غیر ملکی کمپنیاں ہیں۔

Exit mobile version