صدر مملکت کی چینی وفد سے ملاقات، سرمایہ کاری بڑھانے پر زور

چینی وفد نے میڈیکل سٹی منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی

کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی کے بلاول ہاؤس میں چین کے سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت چینی قونصل جنرل یانگ ین ڈونگ نے کی۔

اس ملاقات میں باہمی تجارتی تعاون بڑھانے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وفد نے پاکستان میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے میڈیکل سٹی منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے علاوہ زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی اور مینوفیکچرنگ جیسے اہم شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

پاکستان اور چین کے گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو ایک اقتصادی مرکز بنانے کا ان کا وژن خطے کی تجارتی ترقی کے لیے اہم تھا اور یہ منصوبہ علاقائی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

چینی وفد کو سندھ میں چینی زبان کے کورسز کے اجرا کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے اس اقدام کو عوامی اور ثقافتی روابط مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

اس ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، اور معاون خصوصی قاسم نوید قمر نے بھی شرکت کی۔ صدر زرداری نے چینی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ میں چین کو پاکستان کو سب سے زیادہ قرض دینے والے ملک کے طور پر پیش کیا گیا تھا، جس کے مطابق پاکستان کے کل قرض میں 22 فیصد چینی قرضوں کا حصہ ہے۔

Exit mobile version