شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 خارجی دہشت گرد ہلاک

بہادری سے لڑتے ہوئے لانس نائیک محمد امین نے جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان کے علاقوں میران شاہ اور اسپن وام میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 7 خارجی دہشت گرد مارے گئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے لانس نائیک محمد امین نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ان کارروائیوں کا آغاز دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔ پہلا آپریشن میران شاہ میں ہوا، جس میں 4 خارجی دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دوسرا آپریشن اسپن وام میں ہوا جہاں مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں کارروائیوں کے دوران 7 خارجی دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد امین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ ان علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی صفائی کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ژوب کے علاقے سمبازہ میں کی گئی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جو معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ اس آپریشن کے دوران سپاہی عارف الرحمٰن شہید ہوئے تھے۔

اس سے پہلے (9 دسمبر کو) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 2 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔

Exit mobile version