لاہور میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث مساج سنٹرز اور ہوٹلوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔بلال صدیق کمیانہ نے صوبائی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے سوشل کرائمز کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سی سی پی او لاہور نے ایس ایس پی(آپریشنز) کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث مساج سنٹرز،گیسٹ ہاؤسزاورہوٹلوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا ٹاسک سونپ دیا۔
بلال صدیق کمیانہ نے کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات ترتیب دینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔
سی سی پی او لاہور نے اجلاس کے دوران منشیات کی آن لائن خریدوفروخت اور سپلائی نیٹ ورک کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے گرد و نواح میں منشیات فروشی کے خلاف سرچ وکومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پرکوئی سمجھوتہ نہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ہوٹل آئی اورٹریول آئی سافٹ ویئرز کی مدد سے اشتہاریوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں واقع سوسائٹیز میں بیرئرز اورسی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
سی سی پی او لاہور نے ڈویژنل ایس پیز کوروزانہ کی بنیاد پراردل روم منعقد کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اردل روم میں پولیس ملازمین کے محکمانہ امور و مسائل کے حل سے ان کا اعتماد بحال ہو گا۔
بلال صدیق کمیانہ نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رش کے اوقات میں ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر سے بہتر بنائیں۔
اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید،ایس ایس پی (ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی (آپریشنز)تصور اقبال ، اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔