لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہوا بازی کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ملکی معیشت، سیاحت، اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں ایوی ایشن کا کردار نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہوا بازی کی صنعت نے دنیا کو ایک گلوبل ولیج میں تبدیل کر دیا ہے، جس سے فاصلوں کی اہمیت کم ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ کوششوں سے پی آئی اے کو یورپ میں فلائٹ آپریشن کی اجازت ملی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو پی آئی اے کی کھوئی ہوئی حیثیت بحال کرنے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے حکومت کی جانب سے جدید ہوائی سفری سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ پنجاب کی اپنی ایئر لائن کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد ہوا بازی کی صنعت کو ترقی دے کر اسے قومی ترقی میں معاون بنانا ہے۔