طلاق کے بعد موسیقی سے وقفہ؟ اے آر رحمان کے بچوں کی وضاحت

براہ کرم افواہیں نہ پھیلائیں، خدیجہ رحمان کی وضاحت

ممبئی:طلاق کے بعد موسیقی سے وقفہ؟ اے آر رحمان کے بچوں نے وضاحت کر دی۔

معروف بھارتی موسیقار و گلوکار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کے درمیان 29 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد طلاق کے اعلان نے کئی افواہوں کو جنم دیا ہے۔ کہا جا رہا تھا کہ اے آر رحمان اپنے کام سے ایک سال کا وقفہ لینے والے ہیں۔

یہ جوڑا، جو تین بچوں کے والدین ہیں، گزشتہ ماہ اپنے قانونی نمائندوں کے ذریعے علیحدگی کا اعلان کر چکا ہے۔ ان کے بچوں میں بیٹا اے آر امین اور دو بیٹیاں خدیجہ اور رہیمہ شامل ہیں۔

وقفے کی خبروں پر اے آر رحمان کے بچوں نے سخت ردِ عمل دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر ایک پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے خدیجہ نے وضاحت کی کہ یہ افواہیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے لکھابراہ کرم ایسی بے کار خبریں پھیلانا بند کریں۔

اے آر امین نے بھی انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں اس خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر غلط اور بے بنیاد ہے۔

واضح رہے کہ اے آر رحمان اپنی موسیقی کے حوالے سے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں، اور ایسی افواہوں کے باوجود وہ اپنی مصروفیات میں سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔

Exit mobile version