ممبئی: سپر اسٹار الو ارجن کی طویل انتظار کے بعد ریلیز ہونے والی فلم پشپا 2: دی رول نے باکس آفس پر شاندار آغاز کیا اور پہلے ہی دن 175.1 کروڑ روپے کی نیٹ کمائی کرتے ہوئے ہندوستانی سینما کی تاریخ میں سب سے بڑی اوپننگ کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ اس سے قبل یہ اعزاز ایس ایس راجامولی کی بلاک بسٹر فلم RRR کے پاس تھا۔
فلم کی شاندار کمائی کا بڑا حصہ اس کے تلگو ورژن سے آیا، جس نے 95.1 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جبکہ ہندی ورژن نے بھی زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے 67 کروڑ روپے کمائے۔ دیگر زبانوں میں، تمل ورژن نے 7 کروڑ، ملیالم نے 5 کروڑ، اور کنڑ ورژن نے 1 کروڑ کا حصہ ڈالا۔ خاص طور پر تلگو ورژن کے نائٹ شوز میں اوسط نشستیں 90.19 فیصد تک بھر گئیں، جو فلم کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
پشپا 2 میں الو ارجن نے اپنے مشہور کردار پشپا راج کو مزید دلکش انداز میں پیش کیا ہے۔ رشمیکا مندانا نے سری ولی اور فہد فاضل نے بھنور سنگھ شیکاوت کے کردار کو بھرپور انداز میں نبھایا۔ فلم کی کہانی سرخ چندن کی اسمگلنگ کے گرد گھومتی ہے اور اس کی ہدایتکاری سکومار نے کی ہے۔
سینما کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پشپا 2اپنے پہلے ویک اینڈ میں 250 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کر سکتی ہے۔ یہ فلم اپنے شاندار ایکشن، زبردست موسیقی اور الو ارجن کی دلکش اداکاری کی وجہ سے ناظرین کے دل جیت رہی ہے۔