بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی تحریک بری طرح ناکام، عطا اللہ تارڑ

ملک کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی سول نافرمانی کی تحریک کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بل جلانے والوں نے ہی یہ کال دی تھی، جو بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جھوٹے بیانیے بنا کر لاشوں کی سیاست کی جا رہی ہے، لیکن عوام تشدد کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں رہا۔

انہوں نے لطیف کھوسہ کو سیاست چھوڑ کر آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما لاشوں پر متضاد بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لطیف کھوسہ کے گھر سے 278 لاشیں برآمد کی گئیں۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ سول نافرمانی کی سیاست کا نعرہ عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، لیکن سول نافرمانی کا جھوٹا نعرہ لگانے والے خود بھاگ گئے۔ اب ان کا آخری کارڈ پروڈکٹ کا بائیکاٹ ہے، جو عوام کو متاثر نہیں کرے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے علاقے کرم میں امن و امان کی صورتحال پر توجہ کی ضرورت ہے، جبکہ گنڈا پور کے صوبے میں اس مسئلے کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version