سندھ بھر میں کل 8 مقامات پر ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ ہوں گے

دوران امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے

سندھ بھر میں کل 8 مقامات پر میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) منعقد ہوں گے، جن کے دوران امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ اس کے تحت ڈیجیٹل ڈیوائسز، موبائل فونز، اور لیڈیز بیگز لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ غیر متعلقہ افراد اور گاڑیوں کا مراکز کے قریب آنا بھی ممنوع ہوگا۔

ایم ڈی کیٹ کا انعقاد 8 دسمبر بروز اتوار کو جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، پبلک اسکول حیدرآباد، پولیس ٹریننگ اسکول لاڑکانہ، مہران یونیورسٹی جامشورو، آئی بی اے پبلک اسکول سکھر، قائد عوام یونیورسٹی شہید بے نظیر آباد، اور پبلک ہیلتھ اسکول حیدرآباد میں کیا جائے گا۔

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ میں ایک لاکھ 60 ہزار طلبہ نے شرکت کی تھی، تاہم نقل کے الزامات میں 50 سے زائد طلبہ کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، اور دو طلبہ کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ میں 15 طلبہ نے مشترکہ درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ 22 ستمبر کو ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ انتظام ہونے والے امتحان کے پرچے ایک دن قبل افشا ہوگئے تھے۔ درخواست گزاروں نے امتحانی عمل کی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے دوبارہ امتحان لینے کی استدعا کی۔

عدالت نے 4 اکتوبر کو ایم ڈی کیٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران 4 ہفتوں میں دوبارہ امتحان منعقد کرنے کا حکم دیا تھا۔

6 نومبر کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ایم ڈی کیٹ سمیت تمام امتحانات میں شفافیت لانے کی ہدایت کی اور 6 ہفتوں کے اندر دوبارہ ٹیسٹ لینے کا حکم دیا۔

Exit mobile version