ٹیکنالوجی
ٹرینڈنگ

وی پی این رجسٹریشن کے لیے موبائل نمبر کے ذریعے نئی سہولت متعارف

فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن آسان کی گئی ہے، ترجمان پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کی رجسٹریشن کے لیے موبائل نمبر کے ذریعے ایک نئی سہولت متعارف کردی ہے، جس سے خاص طور پر فری لانسرز کو فائدہ پہنچے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد انٹرنیٹ کے ذریعے کام کرنے والے فری لانسرز کے لیے وی پی این کا استعمال آسان بنانا ہے۔ یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کے لیے ہے جو اسٹیٹک آئی پی کے بغیر کام کرتے ہیں۔ اب فری لانسرز اپنے موبائل نمبر رجسٹر کروا کر اپنے موبائل ڈیٹا پر وی پی این استعمال کرسکیں گے۔

پی ٹی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اس سہولت کا مقصد ملک میں آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دینا ہے اور وی پی این کے رجسٹریشن عمل کو صارفین کے لیے سہل بنانا ہے۔ اب تک پی ٹی اے کے ساتھ 31 ہزار سے زائد وی پی این رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں احتجاجی مظاہروں اور انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے کئی فری لانسرز اور آن لائن پروفیشنلز وی پی این کے ذریعے اپنے روزگار کمانے پر مجبور تھے۔ تاہم، پی ٹی اے نے اعلان کیا تھا کہ یکم دسمبر کے بعد غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کام نہیں کریں گے، لیکن قانونی بنیادوں کی کمی کی وجہ سے وی پی این پر پابندی عائد نہ کی گئی۔

وزارت قانون کے مشورے کے مطابق حکومت کو وی پی این کی بندش پر قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ پیکا 2016 کی دفعہ 34 کے تحت حکومت صرف ’غیر قانونی مواد‘ کو بلاک کر سکتی ہے، نہ کہ کسی ایپ یا ٹول کو۔

وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے ابتدائی طور پر وی پی این پر پابندی لگانے کی درخواست کی تھی لیکن قانونی مشاورت کے بعد اسے واپس لے لیا گیا۔ اس کے بعد یکم دسمبر کے بعد بھی تمام وی پی این سروسز فعال رہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button