مریم نواز نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باضابطہ افتتاح کردیا

ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سولر پینل مفت دستیاب

لاہور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم” کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے عوام کو مہنگی بجلی سے نجات دلانے کا عزم ظاہر کیا۔

افتتاحی تقریب میں صوبائی سیکرٹری انرجی نے وزیراعلیٰ کو سکیم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے صارفین آج سے ہی گھر بیٹھے ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل کے ذریعے مفت سولر پینل کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سکیم کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ گھروں میں سولر سسٹم نصب کیے جائیں گے۔

سیکرٹری انرجی نے بتایا کہ یہ سکیم خصوصی طور پر ایسے صارفین کے لیے ہے جو ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔ 100 یونٹ ماہانہ بجلی خرچ کرنے والے 52 ہزار 19 صارفین کو 550 واٹ کا سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا، جبکہ 200 یونٹ ماہانہ خرچ کرنے والوں کو 1100 واٹ کا سولر سسٹم دیا جائے گا۔

صارفین کے لیے رجسٹریشن کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ وہ اپنے موبائل سے 8800 پر ایس ایم ایس کرکے یا cmsolarscheme.punjab.gov.pk پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دہندگان کے ماہانہ بل پر موجود ریفرنس نمبر اور قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے ویری فکیشن کی جائے گی۔

سکیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی، جبکہ درخواست دہندگان کی رہنمائی کے لیے ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔ سولر پینل اور انورٹر کو چوری سے محفوظ رکھنے کے لیے انہیں صارف کے شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ ایک لاکھ سولر سسٹم کی تنصیب سے نہ صرف 57 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی بلکہ وفاقی حکومت پر سبسڈی کا بوجھ بھی کم ہوگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ فری سولر پینل سکیم کا مقصد عوام کو بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی یونٹ 14 روپے کی سبسڈی سے پنجاب کے 73 لاکھ صارفین نے فائدہ اٹھایا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے صوبے کے وسائل کو مزید بہتر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔

Exit mobile version