بلوچستان میں 7 سے 9 دسمبر کے دوران ریت اور دھول کے طوفان کا امکان

گوادر، آواران، کیچ اور پنجگور سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی

بلوچستان میں 7 سے 9 دسمبر کے دوران سرد موسم اور تیز ہواؤں کے ساتھ ریت اور دھول کے طوفانی حالات پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ میٹرولوجسٹ کے مطابق گوادر، آواران، کیچ اور پنجگور سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی۔ علاوہ ازیں واشک، خاران، چاغی، سوران، قلات، بولان، اور مستونگ میں بھی تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

موسمیاتی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ پشین، قلعہ عبداللہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور آس پاس کے علاقوں میں تیز ہوائیں دھول اور ریت کے طوفانی حالات پیدا کر سکتی ہیں، جبکہ ان علاقوں میں درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ حکام نے متعلقہ اضلاع کے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی ہوگی۔ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں منفی 3، ژوب میں صفر، زیارت میں منفی 3، سبی میں 10، تربت میں 14، نوکنڈی میں 5، چمن میں 2، گوادر میں 15 اور جیوانی میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Exit mobile version