لاہور: پنجاب حکومت نے پلاسٹک مصنوعات کے پروڈیوسرز، سپلائرز، اور ری سائیکلرز کی آن لائن رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پلاسٹک انڈسٹری کے تمام ڈیٹا کو ایک جگہ اکٹھا کیا جا سکے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے پلاسٹک کی صنعت کو رسمی معیشت کا حصہ بنانے میں مدد ملے گی، جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ معیشت میں شفافیت بھی بڑھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 75 مائیکرون سے کم حجم والے پولیتھین بیگز کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، اور خلاف ورزی کرنے والی 9 فیکٹریوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ اینٹی پلاسٹک اسکواڈز مارکیٹوں، دکانوں، اور فوڈ پوائنٹس پر معائنے کر رہے ہیں تاکہ پلاسٹک تھیلوں کے استعمال کو کم کیا جا سکے۔ دکانداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متبادل ماحول دوست بیگز استعمال کریں۔
سینئر وزیر کے مطابق، پلاسٹک تھیلوں پر مکمل پابندی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تحفظ ماحول کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 10 دسمبر سے اینٹی پلاسٹک مہم اور کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ ماحولیاتی مسائل پر قابو پایا جا سکے۔