نئی دہلی: بھارت کے مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار سنیل پال جو پیر کے روز اچانک لاپتا ہوگئے تھے، بحفاظت اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل پال کی اہلیہ سریتا نے ممبئی پولیس کو شوہر کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی۔ رپورٹ کے مطابق سنیل پال ایک شو کے سلسلے میں ممبئی سے دوسرے شہر گئے تھے اور انہیں 3 دسمبر کو واپس آنا تھا، تاہم وہ مقررہ وقت پر نہ پہنچ سکے۔ اہلیہ نے بتایا کہ مسلسل کوششوں کے باوجود ان کے نمبر سے کوئی جواب موصول نہیں ہو رہا تھا۔
بدھ کے روز سریتا نے بتایا کہ سنیل پال بحفاظت گھر لوٹ آئے ہیں۔ لیکن بعد میں سنیل پال نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں نئی دہلی سے اغوا کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں سنیل پال نے کہا: "مجھے 2 دسمبر کو نئی دہلی سے اغوا کیا گیا تھا، لیکن اب میں بخیر و عافیت گھر پہنچ چکا ہوں۔ میں نے پولیس کو اپنا بیان دے دیا ہے، اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات فراہم کروں گا۔”
انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔ اغوا کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: مجھے دہلی کی حدود سے اغوا کیا گیا، مزید تفصیلات بعد میں شیئر کروں گا۔
سنیل پال کا کیرئیر:
سنیل پال نے 2005 میں مشہور کامیڈی شو دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج میں حصہ لیا اور فاتح قرار پائے، جس سے ان کی شہرت کو چار چاند لگے۔
اس کے بعد وہ فلموں *ہم تم* اور *پھر ہیرا پھیری* میں معاون کرداروں میں نظر آئے۔ 2017 میں انہوں نے مشہور فلمساز انیس بزمی کے خلاف ادائیگی میں تاخیر کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔
ایک انٹرویو میں سنیل پال نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے 20 سے 25 لاکھ روپے مختلف پروڈیوسرز کے ساتھ پھنسی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ: "ادائیگی میں تاخیر عام بات ہے، لیکن انیس بزمی جیسے بڑے پروڈیوسر کی جانب سے ایسا رویہ ناقابل قبول ہے۔