پشاور:خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے پہاڑی سلسلے میں تھا۔ زلزلے کی شدت 5.2 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 212 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے پشاور، مردان، سوات اور دیگر اضلاع میں بھی محسوس کیے گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق، تاحال صوبے بھر سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن، مانسہرہ، اور سوات سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس زلزلے کی شدت 4.6 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، گزشتہ روز کے زلزلے کا مرکز بھی افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا۔ خوش قسمتی سے، دونوں دنوں کے زلزلوں کے بعد کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔