چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی نئی تجویز

پاکستان میں 10 میچز اور ایک سیمی فائنل جبکہ بھارت کے میچز اور ایک سیمی فائنل متحدہ عرب امارات میں کرانے کی تجویز دی گئی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کے منصوبے کے مطابق پاکستان میں 10 میچز اور ایک سیمی فائنل جبکہ بھارت کے میچز اور ایک سیمی فائنل متحدہ عرب امارات میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اجلاس 29 نومبر کو طلب کیا گیا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس اجلاس کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اگر آئی سی سی نے پی سی بی کو ہائبرڈ ماڈل اپنانے پر مجبور کیا تو پاکستان کرکٹ بورڈ حکومت سے اجازت لے گا، تاہم ابھی تک پی سی بی کا ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) جے شاہ کی آئی سی سی میں شمولیت سے قبل چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعہ کا حل چاہتا ہے، جس کے لیے آئی سی سی نے 29 نومبر کو ایک بورڈ میٹنگ طلب کی ہے۔

آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ہائبرڈ ماڈل کے لیے پی سی بی کو مالی فائدہ پہنچانے کا منصوبہ بھی تیار کر لیا ہے۔ اس ماڈل کے تحت 10 میچز اور ایک سیمی فائنل پاکستان میں جبکہ بھارت کے میچز اور ایک سیمی فائنل یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے منصوبے کے مطابق اگر بھارت فائنل تک نہیں پہنچتا تو فائنل پاکستان میں ہوگا، جبکہ بھارت کی فائنل میں موجودگی کی صورت میں فائنل متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ہائبرڈ ماڈل اپنانے کی صورت میں تمام اضافی اخراجات آئی سی سی اور بی سی سی آئی اٹھائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پہلی بار ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت نے 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، اور 2012 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں ہو سکی۔ گزشتہ سال ایشیا کپ کی میزبانی بھی پاکستان کو ملی تھی، لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے میچز سری لنکا میں کھیلے گئے تھے، جہاں فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، کیونکہ آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی، جسے پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتا تھا۔

Exit mobile version