سعودی عرب کا دنیا کے سب سے بڑے فوڈ کلسٹر کے ساتھ عالمی ریکارڈ

یہ فوڈ کلسٹر جدہ میں واقع ہے اور اس کا کل رقبہ 11 ملین مربع میٹر سے زائد ہے

ریاض : سعودی عرب نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے فوڈ کلسٹر کے ساتھ دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔ یہ فوڈ کلسٹر جدہ میں واقع ہے اور اس کا کل رقبہ 11 ملین مربع میٹر سے زائد ہے۔

سعودی اتھارٹی برائے صنعتی شہروں اور ٹیکنالوجی زونز (مدن) نے اعلان کیا کہ یہ فوڈ کلسٹر 20 ارب ریال کی مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ 2035 تک 10 مختلف صنعتی شعبوں میں 43,000 ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔

مدن نے مزید بتایا کہ آئندہ 10 سالوں میں یہ فوڈ کلسٹر قومی برآمدات میں تقریباً 8 بلین ریال کا اضافہ کرے گا جبکہ مقامی پیداوار کو 7 بلین ریال تک بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

فوڈ کلسٹر کی اہم خصوصیات میں خدمات کے انضمام کے ذریعے آپریشنل اخراجات میں 5 سے 12 فیصد کمی، سپلائی چینز میں بہتری، اور ایک مربوط ماحولیاتی نظام کی تشکیل شامل ہیں، جس سے نہ صرف کاروباری لاگت کم ہوگی بلکہ سعودی عرب کے غذائی تحفظ میں بھی اضافہ ہوگا۔

یہ جدید فوڈ کلسٹر سعودی عرب کی معیشت کو مضبوط بنانے اور اس کے عالمی تجارتی مقام کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Exit mobile version