پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ای) میں تاریخی مندی کے بعد آج زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، اور کاروبار کے آغاز پر ہی کے ایس ای-100 انڈیکس 3200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 97 ہزار 840 کی سطح پر پہنچ گیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی مندی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں انڈیکس میں 3 ہزار 505 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد آج کاروباری سرگرمیاں مثبت رجحان کے ساتھ شروع ہوئیں۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے دن (منگل) کی ابتدا پر ہی کے ایس ای-100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا، لیکن دوپہر کے بعد مندی نے مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دن کا اختتام شدید کمی کے ساتھ ہوا۔
آج (بدھ) کاروباری ہفتے کے تیسرے دن کا آغاز انتہائی مثبت رہا، اور کے ایس ای-100 انڈیکس نے 3265 پوائنٹس یعنی 3.35 فیصد کا اضافہ کیا، جس سے انڈیکس 97 ہزار 840 کی سطح پر پہنچ گیا۔ یہ اضافہ گزشتہ روز 94 ہزار 574 پوائنٹس کی اختتامی سطح سے ظاہر ہوتا ہے۔