ٹرمپ کا تین ممالک کی درآمدات پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان

چینی درآمدات پر موجودہ ٹیرف میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا، نومنتخب امریکی صدر

واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو، کینیڈا، اور چین سے درآمد ہونے والی اشیاء پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے بعد میکسیکو اور کینیڈا سے درآمد ہونے والی تمام مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹیرف اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک منشیات اور غیر قانونی تارکین وطن کی آمد مکمل طور پر بند نہیں ہو جاتی۔

چین سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چینی درآمدات پر موجودہ ٹیرف میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اضافی ٹیکس اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک چین منشیات کی ترسیل روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کرتا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چینی حکام نے وعدہ کیا تھا کہ وہ منشیات کے اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

چینی سفارتخانے کے ترجمان نے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چین اور امریکا منشیات کے خلاف کارروائیوں پر مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور امریکا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات باہمی مفادات پر مبنی ہیں، اور کوئی بھی تجارتی یا ٹیرف جنگ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

Exit mobile version