واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا دنیا بھر میں، بشمول پاکستان، آزادی اظہار اور پرامن احتجاج کی حمایت کرتا ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے کہا کہ مظاہرین سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنے مظاہروں میں پرامن رہیں اور کسی بھی قسم کے تشدد سے گریز کریں۔ انہوں نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کریں اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے قوانین امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے وضع کیے گئے ہیں اور ان قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے۔
لبنان اور اسرائیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میتھیو ملر نے کہا کہ دونوں ممالک جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے اس حوالے سے بڑی پیش رفت ہوئی، تاہم جنگ بندی معاہدے کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔