ہمارے معاشرے میں دھوکا دے کر شادی کرنا معمول بن چکا، حریم فاروق

اداکارہ نے "بسمل" میں اپنے کردار اور دیگر ذاتی معاملات پر کھل کر بات کی

پاکستان کے مشہور ڈرامے "بسمل” میں کاروباری شخصیت کی دوسری بیوی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ حریم فاروق نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس بات پر زور دیا کہ ہمارے معاشرے میں دھوکے سے دوسری شادی کرنا ایک معمول بنتا جا رہا ہے۔

اداکارہ نے "بسمل” میں اپنے کردار اور دیگر ذاتی معاملات پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فلم مینگو جٹ کی پروڈیوسر ہیں، جو اس وقت شوٹنگ کے مراحل میں ہے، اور اس میں فیصل قریشی اور شمعون عباسی جیسے اداکاروں کے ساتھ ایکشن دکھایا جائے گا۔ حریم فاروق نے مزید بتایا کہ اس فلم کے ہدایتکار ابو علیحہ نے انہیں اس میں کام کرنے کی دعوت دی تھی، لیکن کہانی پڑھنے کے بعد انہوں نے اسے پروڈیوس کرنے کا فیصلہ کیا۔

حریم فاروق نے اپنے فنی سفر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ انہوں نے ہانیہ عامر جیسی ٹیلنٹڈ اداکارہ کو متعارف کرایا۔ ان کے مطابق ہانیہ نے اپنی محنت اور ٹیلنٹ سے اپنی جگہ بنائی اور وہ آج عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے "بسمل” کے بارے میں انکشاف کیا کہ اس میں معصومہ کا منفی کردار ادا کرتے ہوئے ان کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوئے، اور وہ کئی ماہ تک منفی خیالات کا شکار رہیں۔ ان کے مطابق اس دوران انہوں نے خود کو ان خیالات سے نکالنے کے لیے سیر و تفریح کی، تھراپی سیشن کیے، اور اپنے دوستوں سے مثبت باتیں شیئر کیں۔

حریم فاروق نے ڈرامے میں اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈراما نشر ہوا، تو انہیں احساس ہوا کہ ان کا کردار معاشرے کے بہت سے گھروں کی کہانی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ہمارے معاشرے میں ہر دوسرے گھر میں دوسری شادی جیسے مسائل ہیں، اور دھوکے سے شادی کرنا اب ایک معمول بن چکا ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات میں دوسری شادی کی اجازت ہے، لیکن دھوکہ دے کر شادی کرنا ایک تشویشناک رجحان بن چکا ہے۔ ان کے مطابق "بسمل” میں یہی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح کاروباری شخصیت اپنی پہلی بیوی اور بیٹے کو دھوکا دے کر دوسری شادی کر لیتا ہے، جس کے نتیجے میں خاندان میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ حریم فاروق کے مطابق ایسا بہت کچھ معاشرتی سطح پر ہو رہا ہے اور ان شادیاں خاندانوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔

Exit mobile version