نئی دہلی: بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی سابقہ اہلیہ سائرہ بانو نے علیحدگی کے حوالے سے پھیلی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے اپنی خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک آڈیو بیان میں سائرہ بانو نے اپنا تعارف "سائرہ رحمان” کے نام سے کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ممبئی میں ہیں اور گزشتہ چند ماہ سے صحت کے مسائل کی وجہ سے جسمانی طور پر چنئی میں رہنے سے قاصر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اے آر رحمان سے "تھوڑا وقفہ لینے” کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اپنا علاج مکمل کر سکیں۔
سائرہ بانو نے یوٹیوبرز اور تامل میڈیا سے اپیل کی کہ اے آر رحمان کے بارے میں غلط باتیں نہ پھیلائی جائیں۔ ان کے بقول، اے آر رحمان ایک انمول انسان ہیں اور دنیا کے سب سے بہترین شوہر اور والد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی صحت کی خرابی کے باعث چنئی میں اے آر رحمان کے مصروف شیڈول کے دوران علاج ممکن نہیں تھا، لہٰذا انہوں نے ممبئی منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تاکہ کسی کو زحمت نہ ہو، نہ شوہر کو، نہ بچوں کو۔
اپنے بیان میں سائرہ بانو نے کہا کہ اے آر رحمان ایک شاندار انسان ہیں، اور وہ ان پر بے حد بھروسہ اور محبت کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا، اور وہ جلد ہی چنئی واپس آئیں گی، لیکن اس سے پہلے اپنی صحت بحال کرنا ضروری ہے۔
سائرہ بانو نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے اور اے آر رحمان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانا بند کریں اور ان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل سائرہ بانو کی جانب سے شادی کے 29 سال بعد علیحدگی کے اعلان کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ ان کی وکیل وندنا شاہ نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں کے درمیان تعلقات میں پیچیدگی کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ گہری محبت کے باوجود، تلخیوں اور مشکلات نے ان کے رشتے میں فاصلے پیدا کر دیے تھے، جو اس وقت دونوں کے لیے ختم کرنا ممکن نہیں تھا۔
اے آر رحمان نے بعد ازاں ایکس (ٹوئٹر) پر ایک جذباتی پیغام میں کہا تھا، "ہم نے شادی کے 30 برس مکمل کرنے کی امید کی تھی، لیکن دنیا میں ہر چیز کا اختتام ہے، اور ٹوٹے دلوں کا بوجھ خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے۔”
بھارتی میڈیا کے مطابق، اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی ارینج میرج 12 مارچ 1995 کو ہوئی تھی۔ جوڑے کے تین بچے ہیں۔ اے آر رحمان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی والدہ نے یہ رشتہ طے کیا تھا۔