بین الاقوامی
روسی طیارے میں آگ، ترکیہ میں مسافر بحفاظت نکال لیے گئے
یہ واقعہ اتوار کے روز انطالیہ ایئرپورٹ پر پیش آیا ، بڑا جانی نقصان ٹل گیا
انقرہ: ترکیہ کے جنوبی علاقے میں ایک روسی طیارے کو لینڈنگ کے دوران حادثے کا سامنا کرنا پڑا، جب اس کے ایک انجن میں آگ لگ گئی، تاہم تمام مسافر اور عملہ بحفاظت نکال لیا گیا۔
وزارت برائے نقل و حمل کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز انطالیہ ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں روس کی ایئرلائن ازیموت کے تحت چلنے والے سکھوئی سپر جیٹ 100 (ایس یو 95) کے ایک انجن میں لینڈنگ کے وقت آگ بھڑک اٹھی۔
طیارے میں موجود 89 مسافروں اور عملے کے 6 ارکان کو فوراً نکالا گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر تمام لینڈنگ کو صبح 3:00 بجے تک معطل کر دیا گیا، جبکہ روانگی کے منتظر طیاروں کے لیے ایئرپورٹ کے فوجی رن وے کو استعمال کیا جا رہا ہے۔