نورا فتیحی کے ساتھ ملاقات کی ویڈیو کیسے وائرل ہوئی؟ سعود نے بتا دیا
ویڈیو مذاق میں بھیجی گئی، وائرل ہونے کا ارادہ نہیں تھا ، سعود
پاکستان کے سابقہ معروف فلمی ہیرو سعود نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ اداکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی کے ساتھ ان کی ملاقات کی ویڈیو کسی نے خفیہ طور پر بنا کر ان کی اہلیہ کو بھیجی، جسے ان کی اہلیہ جویریہ سعود نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور وہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
سعود اور نورا فتیحی کی ملاقات کی یہ ویڈیو گزشتہ ماہ اکتوبر میں وائرل ہوئی تھی، جس میں دونوں کو ایک تقریب میں نہ صرف ہاتھ ملاتے اور فوٹوگرافرز کے لیے پوز دیتے ہوئے دیکھا گیا بلکہ دونوں کو ایک ساتھ بیٹھے بھی دیکھا جا سکتا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ویڈیو کو سب سے پہلے سعود کی اہلیہ جویریہ نے شیئر کیا تھا، جس کے بعد اسے سوشل میڈیا پر بے حد مقبولیت ملی۔
حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں سعود نے انکشاف کیا کہ مذکورہ ویڈیو ان کی کسی جاننے والے نے چوری بنا کر ان کی اہلیہ کو مذاق میں بھیجی تھی۔
سعود نے وضاحت کی کہ نورا فتیحی کے ساتھ ان کی یہ مختصر ملاقات ان کے چھوٹے بھائی کی کرکٹ لیگ (این سی ایل) کی ایک تقریب کے دوران ہوئی تھی، جس میں پاکستانی اور بھارتی شخصیات نے شرکت کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس تقریب میں دیگر معروف شخصیات جیسے وسیم اکرم اور سچن ٹنڈولکر سے بھی ملاقات ہوئی تھی، اور ان کے ساتھ بھی تصاویر بنائی گئی تھیں، لیکن وہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل نہیں ہوئیں۔
سعود نے بتایا کہ جب ویڈیو ان کی اہلیہ کو موصول ہوئی تو انہوں نے ناراضگی دکھانے کے بجائے اسے مزاح کے طور پر لیا اور سوشل میڈیا پر شیئر کردیا، جس کے بعد یہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔