لاہور ہائیکورٹ: 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست نمٹا دی
لاہور ہائیکورٹ کی درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے 26ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کو نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے شہری نذیر احمد کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی، جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
سماعت کے دوران رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے اعتراض اٹھایا کہ چونکہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، اس لیے لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت ممکن نہیں۔
چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ انہیں سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس سے متعلق دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، لیکن درخواست کے ساتھ کوئی بھی مستند دستاویز منسلک نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہی مسئلے پر ملک بھر کی عدالتوں میں درخواستیں دائر کرنے کا طریقہ درست نہیں۔
بعدازاں عدالت نے معاملہ سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں ہونے کی بنیاد پر درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو ہدایت دی کہ وہ اعلیٰ عدالت سے رجوع کریں۔