پاکستان میں پولیو وائرس کے مزید تین نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 55 ہوگئی۔
وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ملک میں پولیو وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق پولیو سے متاثرہ تین بچوں میں سے دو کا تعلق بلوچستان اور ایک کا خیبرپختونخوا سے ہے۔ اس طرح بلوچستان میں متاثرہ بچوں کی تعداد 26 اور خیبرپختونخوا میں 14 تک پہنچ گئی ہے۔
سندھ میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 13 ہے، جبکہ اسلام آباد اور پنجاب میں اب تک ایک ایک بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے۔
بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز ژوب اور جعفر آباد سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال ژوب میں یہ تیسرا اور جعفرآباد میں دوسرا کیس ہے۔ مزید تفصیلات کے مطابق، قلعہ عبداللہ سے 6، کوئٹہ سے 3، قلعہ سیف اللہ، پشین اور چمن سے 2، 2 کیسز جبکہ ڈیرہ بگٹی، چاغی، جھل مگسی، خاران، نوشکی اور لورالائی سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
پولیو وائرس کے ان بڑھتے کیسز نے حکام اور والدین دونوں کو مزید محتاط ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔