ملتان: نشتر ہسپتال ملتان کے ڈائیلسز یونٹ میں چھ ہفتوں بعد تمام رجسٹرڈ مریضوں کی دوبارہ ایچ آئی وی اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نشتر ہسپتال کے نیو ڈائیلسز یونٹ میں 25 مریضوں کے ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کے بعد نئے مریضوں کی رجسٹریشن عارضی طور پر روک دی گئی ہے، تاہم اولڈ یونٹ میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
نشتر ہسپتال کی انکوائری کمیٹی نے 16 دن گزرنے کے باوجود ابھی تک حتمی رپورٹ پیش نہیں کی۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ ممکنہ طور پر آج سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو پیش کی جائے گی۔
مریضوں کی اسکریننگ، ریکارڈ منیجمنٹ، انفیکشن کنٹرول اور دیگر سنگین غفلتوں کی بنا پر نیفرالوجی سربراہ سمیت دیگر اہم انتظامی افسران کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اب تک ملتان کے نجی ڈائیلسز سینٹرز کی مانیٹرنگ کا آغاز بھی نہیں ہو سکا ہے۔ بیشتر طبی ماہرین نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سامنے نجی ڈائیلسز سینٹرز کو ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں ملوث ہونے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔