ٹوکیو :جاپان میں پولیس نے ایک حیران کن چوری کا معمہ حل کر لیا، جس میں ایک کنڈرگارٹن اسکول سے بچوں کے جوتے غائب ہو رہے تھے۔ دلچسپ پہلو یہ تھا کہ چور جوتوں کی مکمل جوڑی کے بجائے صرف ایک جوتا چراتا تھا۔
فوکوکا پریفیکچر کے گوشو کوڈوموئن کنڈرگارٹن میں پیش آنے والے اس واقعے کی تحقیق کے لیے اسکول میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے۔ 11 نومبر کی رات جب افسران نے فوٹیج کا جائزہ لیا تو حقیقت دیکھ کر حیرانی کے ساتھ ہنسی بھی چھوٹ گئی۔
چور کوئی انسان نہیں، بلکہ ایک نیولا نکلا! ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دیوار کے پیچھے سے نیولا نمودار ہوا، اپنے منہ میں ایک جوتا دبایا اور بھاگ نکلا۔
مزید تفتیش سے پتہ چلا کہ نیولا اپنے بچوں کے لیے یہ جوتے جمع کر رہا تھا۔ ممکنہ طور پر سردیوں کی شدت کے پیش نظر وہ انہیں اپنے بچوں کو گرم رکھنے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔
یہ انوکھا واقعہ جاپانی اخبار میں بھی رپورٹ ہوا، جس نے اسے دلچسپ اور انوکھے چوری کے واقعات میں شمار کیا ہے۔