اسلام آباد : ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو سست رفتار انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس کے بند ہونے کا سامنا ہے۔ زونگ اور پی ٹی سی ایل سمیت مختلف نیٹ ورک فراہم کرنے والوں کے صارفین نے انٹرنیٹ سروسز میں خرابی کی شکایات کی ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق انسٹاگرام صارفین نے ایک گھنٹے کے دوران ایپلی کیشن میں بندش کی تقریباً 86 شکایات کیں، جبکہ واٹس ایپ صارفین نے صبح 10 بجکر 45 منٹ سے ایپلی کیشن میں سست روی اور بندش کی اطلاعات دیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ وہ تصاویر ڈاؤن لوڈ کرنے، تصاویر بھیجنے اور وائس نوٹ بھیجنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اگست میں ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز اکتوبر کے شروع تک سست رہنے کی توقع ظاہر کی تھی۔ پی ٹی اے کے مطابق انٹرنیٹ میں سست روی کی اصل وجہ سب میرین کیبلز میں خرابی ہے۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ ایس ایم ڈبلیو-4 سب میرین کیبل میں خرابی اکتوبر 2024 کے اوائل تک ٹھیک ہونے کا امکان ہے جبکہ سب میرین کیبل اے اے ای-1 کی مرمت کر دی گئی ہے۔ تاہم، پی ٹی اے نے حالیہ انٹرنیٹ سروسز میں خرابی کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔