جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر منکی پاکس کے مزید دو مشتبہ کیسز سامنے آ گئے

کراچی: جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی عرب سے آنے والے دو افراد میں منکی پاکس کے شبے کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق، ایئرپورٹ پر اسکریننگ کے دوران ان افراد میں وائرل انفیکشن کے علامات دیکھنے میں آئے تھے۔

دونوں افراد کی عمر 44 اور 32 سال ہے۔ ان میں سے ایک شخص کا منکی پاکس ٹیسٹ منفی آیا ہے جبکہ دوسرے شخص کی لیبارٹری رپورٹ کا ابھی تک انتظار ہے۔

سندھ انفیکشس ڈیزیز ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کے ڈاکٹر کے مطابق جس شخص کا ٹیسٹ منفی آیا ہے، اس کی صحت بہتر ہے اور اسے جلد ہی ہسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق گزشتہ مہینے ائیرپورٹ پر ایک لاکھ چھیالیس ہزار سات سو بائیس مسافروں کا معائنہ کیا گیا ہے۔ اسکریننگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے سرحدی صحت کی سروسز (بی ایچ ایس) کے اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ پر اسکریننگ کا عمل 16 اگست سے شروع ہوا اور اب تک صرف ایک مسافر کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہر بین الاقوامی پرواز کے بعد امیگریشن اور بین الاقوامی لاؤنج کو ڈس انفیکٹ کیا جاتا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ممکنہ طور پر متاثرہ مسافروں کے معائنے اور قرنطینہ کے لیے دو اضافی کیبن قائم کیے ہیں اور ایئرپورٹ پر بین الاقوامی آمد کی راہ میں معلوماتی اسٹینڈ بھی قائم کیے گئے ہیں۔

Exit mobile version