اسلام آباد :رواں سال پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس خیبر پختونخوا کے علاقے دیر میں رپورٹ کیا گیا۔
وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق یہ کیس خیبر پختونخوا کے علاقے دیر سے سامنے آیا ہے۔ متاثرہ شخص سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔
عالمی ادارہ صحت نے حال ہی میں منکی پاکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا تھا۔ اس کے بعد سے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اس وبا کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ دو سالوں کے دوران منکی پاکس کے 11 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور اب اس سال کا پہلا کیس بھی سامنے آ گیا ہے۔ حکام نے متاثرہ شخص کی کانٹیکٹ ٹریسنگ کا آغاز کر دیا ہے اور مزید لوگوں کے نمونے بھی لیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزارت صحت نے تمام صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ منکی پاکس کے حوالے سے فوکل پرسنز مقرر کریں اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام پوائنٹس آف اینٹری پر سخت نگرانی برقرار رکھیں۔ وزارت صحت نے منکی پاکس کے حوالے سے اہم ایڈوائزری اور گائیڈ لائنز بھی جاری کی ہیں۔