گوگل کا ڈیپ فیک مواد کے خلاف نیا قدم
لاہور : دنیا کی سب سے بڑی سرچ انجن کمپنی گوگل نے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے بنائی گئی نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کے خلاف ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنے سرچ انجن میں کئی تبدیلیاں کی ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ ماہوں میں گوگل پر ڈیپ فیک مواد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے خلاف شدید تنقید کی جا رہی تھی۔ خاص طور پر ہالی وڈ کی معروف اداکاراؤں جینیفر لارنس اور ٹیلر سوئفٹ کی نامناسب ڈیپ فیک ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد گوگل پر زور دیا گیا کہ وہ اس طرح کے مواد کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
گوگل کے ترجمان کے مطابق کمپنی نے اپنے سرچ انجن میں ایسے الگورتھم متعارف کرائے ہیں جو ڈیپ فیک مواد کو تلاش کرنے اور اسے سرچ کے نتائج میں نیچے دھکیلنے میں مدد کرتے ہیں۔ اب جب کوئی صارف کسی معروف شخصیت کی ڈیپ فیک ویڈیو تلاش کرتا ہے تو سرچ انجن اسے متعلقہ خبریں یا ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے خطرات سے آگاہ کرنے والا مواد دکھاتا ہے۔
گوگل کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سرچ انجن سے ڈیپ فیک مواد کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں ہے تاہم نئی تبدیلیوں سے اسے تلاش کرنا کافی مشکل ہو گیا ہے۔