پنجاب میں آج سے 25 جولائی تک مون سون بارشوں کا اسپیل
پنجاب میں آج سے 25 جولائی تک مون سون بارشوں کا اسپیل
لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے 25 جولائی تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 25 جولائی تک پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا اسپیل جاری رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، جہلم، لاہور، منڈی بہا الدین اور سیالکوٹ سمیت کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، 23 اور 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں، جس کے نتیجے میں گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہوگی۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بڑے شہروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو نالیوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کو درست کرنے اور بارش کے پانی کے ذخیرے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔
شہریوں کو بھی احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بارش کے دوران گھروں میں رہنے اور بجلی کے آلات سے دور رہنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔