ٹی 20 ورلڈ کپ: سپر پاور کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست
بارباڈوس: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے امریکا کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔
امریکا نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیا تھا، ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 10.5 اوور میں پورا کر لیا۔
آئی سی سی کے زیر اہتمام امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 46ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر امریکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 128 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیا۔
امریکہ کے وکٹ کیپر اینڈرائز گوس نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
نیتش کمار نے 19 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ ہرمیت سنگھ اور سوربھ نیٹرا اولکر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔
آندرے رسل اور روسٹن چیز نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ نے شاندار بیٹنگ کی اور39 گیندوں پر آٹھ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
جانسن چارلس 15 رنز بنا کر ہرمیت سنگھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، نکولس پورن نے بارہ گیندوں پر 27 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح ویسٹ انڈیز نے یہ میچ نو وکٹوں سے جیت لیا۔