بھارت میں ٹرینوں کا تصادم، حادثے میں 13 افراد جاں بحق
بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں مال گاڑی مسافر ٹرین سے ٹکرا گئی۔حادثے نے نتیجے میں 13 افراد ہلاک جبکہ 30 افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع دارجلنگ میں پیر کی صبح ایک مال گاڑی کنچن جنگا ایکسپریس ٹرین سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور چند بوگیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں۔
مسافر ٹرین شہر اگرتلہ سے کولکتہ جا رہی تھی۔ حادثہ مغربی بنگال کے رنگا پانی اور نجباری اسٹیشنز کے درمیان پیش آیا۔ امدادی کارروائیوں کے لیے ڈیزاسٹر ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں ٹرین حادثے معمول بن چکے ہیں، جن میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ، گزشتہ سال بھی ایک ٹرین حادثے میں 288 افراد ہلاک ہوئے تھے۔