ڈی جی آئی ایس پی آر اور سیکریٹری داخلہ آج دوپہر اہم پریس بریفنگ دیں گے
آج دوپہر 2:30 بجے ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور وفاقی سیکریٹری داخلہ آفتاب درانی آج دوپہر 2:30 بجے ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، یہ پریس کانفرنس خطے میں موجودہ سکیورٹی حالات، پاک بھارت سیز فائر کی صورتحال، بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات، آبی جارحیت اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر مبینہ بھارتی پراکسیز کے حملے جیسے موضوعات پر مرکوز ہوگی، جس کے باعث اس بریفنگ کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ایک روز قبل الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ پاکستانی افواج نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ مدتوں یاد رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو وہ سبق سکھایا جو مدتوں یاد رہے گا، ترجمان پاک فوج
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے جو عسکری حکمت عملی اپنائی گئی، وہ آنے والے برسوں تک عسکری ماہرین کے لیے مطالعے کا موضوع بنی رہے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھتا ہے تو پاکستان کے پاس تمام دریاؤں پر حق حاصل کرنے کا جواز ہوگا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا تھا کہ پاک فوج نے دشمن پر اپنی برتری منوائی ہے، اور حالیہ واقعات میں بھارت کے عزائم کو ناکام بنا کر قوم کا اعتماد مزید مضبوط کیا ہے۔ ان کے بقول، افواج پاکستان آج عزت، وقار اور قومی فخر کی علامت بن چکی ہیں۔