بھارت کو وہ سبق سکھایا جو مدتوں یاد رہے گا، ترجمان پاک فوج
اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو تمام چھ دریا کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا حصہ ہونگے

پاکستانی مسلح افواج کے ترجمان، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کو وہ سبق سکھایا جو اُسے مدتوں یاد رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا نہ صرف موثر جواب دیا بلکہ ایسی عسکری حکمت عملی اپنائی جو آنے والے برسوں تک فوجی ماہرین کے لیے قابلِ مطالعہ رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو تمام چھ دریا کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا حصہ ہونگے۔
قطری چینل الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ جھڑپ میں پاکستان نے نہ صرف بھارت کے عزائم خاک میں ملائے بلکہ اپنی عسکری برتری بھی منوائی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ عوام کے دلوں میں پاک فوج کا احترام مزید بڑھا ہے، اور آج یہ ادارہ عزت اور وقار کی علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازع میں پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ پر بلکہ سفارتی اور اطلاعاتی سطح پر بھی بھارت کو شکست دی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنگ کا انجام صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے، تاہم عالمی برادری خود دیکھ سکتی ہے کہ کون کامیاب رہا — اس کا اندازہ پاکستانی عوام کی خوشیوں سے ہو جاتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اس تنازع کے دوران بھارت نے افواہوں اور جھوٹے دعوؤں پر مبنی کہانیاں گھڑیں، جیسے پہلگام واقعے میں پاکستان کو ملوث کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صاف اور واضح کہا کہ اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو اسے عالمی اداروں کے سامنے پیش کرے، لیکن بھارت اس میں ناکام رہا۔
26 میں سے 26 ہدف کامیابی سے نشانہ بنائے
انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے 26 مخصوص مقامات کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا اور الحمدللہ تمام اہداف کامیابی سے نشانہ بنائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے کئی مقامات پر سفید جھنڈے لہرا کر پسپائی اختیار کی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی شہری یا مذہبی مقامات کو نشانہ نہیں بنایا، نہ یہ ہماری اقدار کا حصہ ہے اور نہ ہمارے دین کا تقاضا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اور حکومت مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، یہاں تک کہ انہوں نے امرتسر میں گولڈن ٹیمپل پر حملے کا الزام بھی پاکستان پر لگا دیا، جو کہ سراسر جھوٹ اور احمقانہ دعویٰ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات، نئے اوقات کار کا اعلان
’بھارت اپنی ساکھ کھو چکا ہے‘
ان کا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹے پروپیگنڈے اور مفروضوں پر انحصار کر رہا ہے، لیکن دنیا کا کوئی معتبر ادارہ ان کے بیانات کو سنجیدہ نہیں لیتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ صورتحال میں آزادیٔ صحافت کی مثال قائم کی، کسی صحافی کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی کسی آواز کو دبایا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی تمام افواج اور سیاسی قیادت مکمل ہم آہنگی کے ساتھ متحد ہو کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر رہی ہے۔ یہ قومی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔
فضائی معرکہ ایک تاریخی باب
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات پر زور دیا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات پیش آنے والا فضائی معرکہ آئندہ کئی دہائیوں تک عسکری تربیت کے اداروں میں بطور مثال پڑھایا جائے گا۔
امن سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت اپنی جنگجویانہ سوچ سے باہر نہیں نکلتا اور اقلیتوں پر مظالم بند نہیں کرتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
’سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا مطلب کیا ہوگا؟‘
سندھ طاس معاہدے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی ہوش مند یہ نہیں سوچ سکتا کہ وہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا پانی روک سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت اس معاہدے سے انکار کرتا ہے تو کشمیر کے تناظر میں پاکستان تمام چھ دریاؤں کا حقدار ہوگا۔
غزہ کا المیہ: انسانیت کے ضمیر پر دھبہ
غزہ میں جاری بحران پر بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے اسے انسانیت کے لیے باعثِ شرم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس صورتِ حال سے سبق لینا چاہیے کہ قومی دفاع مضبوط ہونا ناگزیر ہے، تاکہ عالمی سطح پر کسی ظلم یا جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو اپنی اجتماعی طاقت کا ادراک ہونا چاہیے، کیونکہ نسل پرستی اور مذہبی تفریق جیسے نظریات دنیا کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔