جنرل عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نواز دیا گیا
ایوانِ صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یہ اعزاز پیش کیا

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ان کی شاندار قیادت اور دفاع وطن میں نمایاں خدمات پر بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا گیا۔ ایوانِ صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یہ اعزاز پیش کیا۔
اس تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سابق وزیراعظم نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلیٰ سول اور عسکری قیادت، صوبائی گورنرز، وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور متعدد غیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔
صدر زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ دن مادرِ وطن کے محافظوں کو سراہنے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا بیٹن دیے جانے کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ اعزاز قوم کے اعتماد اور محبت کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے ساتھ معرکے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اگلے محاذ پر قیادت کی اور پوری قوم نے اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہوکر یکجہتی کا ثبوت دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو تسلیم کیا ہے۔ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا چپہ چپہ ہمارے لیے مقدس ہے، اور ہماری مسلح افواج اس کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے محافظوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے باعثِ افتخار ہے، اور ہم اپنی عسکری قیادت کی قربانیوں اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ملک نے کامیابی کے اہم سنگ میل عبور کیے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں فیلڈ مارشل کا کردار غیر معمولی تھا۔ ان کی قیادت نے ایک نئی تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور خودمختاری کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔