پاکستان
ٹرینڈنگ

پاکستان کی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

بیرونی قوتوں کی پشت پناہی میں سرگرم تخریبی عناصر کو پوری قوت کے ساتھ ختم کیا جائے گا

راولپنڈی: فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں ہونے والی 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور بیرونی قوتوں کی پشت پناہی میں سرگرم تخریبی عناصر کو پوری قوت کے ساتھ ختم کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اجلاس کا آغاز بلوچستان کے خضدار میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کی مغفرت کے لیے دعا سے کیا گیا، جن میں معصوم بچے بھی شامل تھے۔

فورم نے ان بزدلانہ حملوں کو بھارت کی معاونت یافتہ پراکسیز کی کارستانی قرار دیتے ہوئے معصوم شہریوں اور بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کو انسانیت اور عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کہا۔

شہداء کو خراج عقیدت اور قومی سلامتی کے عزم کا اعادہ

اجلاس میں وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ مسلح افواج کا پہلا مقصد عوام کی حفاظت اور ملک کا دفاع ہے۔

فورم نے جنرل عاصم منیر کی قیادت، عسکری حکمتِ عملی اور ان کے وژن کو سراہتے ہوئے انہیں فیلڈ مارشل کے اعزاز پر مبارک باد بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں: 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا، اب بھارت حملے سے پہلے سو بار سوچے گا: وزیراعظم

آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی کو سراہا گیا

اجلاس میں ملکی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، خاص طور پر آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا، جس سے دہشت گردوں کی کمر توڑی گئی۔

فورم نے پاکستانی میڈیا کی کردار ادا کرنے پر تعریف کی، جو بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف سچائی کے ساتھ کھڑا رہا۔ ساتھ ہی نوجوان نسل کے جوش و خروش، حب الوطنی اور قومی بیانیے کو فروغ دینے پر بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

سیاسی قیادت کی بصیرت کو تسلیم کیا گیا

کورکمانڈرز نے معرکہ حق کے دوران سیاسی قیادت کی فیصلہ کن رہنمائی اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی اتحاد اور وژن اس فتح کا اصل سبب ہے۔ ملک کے بروقت دفاعی ردعمل کو شاندار حکمت عملی کی عکاسی قرار دیا گیا۔

دہشت گرد پراکسیز کے خلاف سخت موقف

فورم نے اعلان کیا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فعال بھارتی پشت پناہی والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ بھارت کے خفیہ منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے مکمل ہم آہنگی اور طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش

شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اقوامِ عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کر کے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

عوام ہی اصل قوت ہیں

آرمی چیف نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیت، تیاری اور عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کی امیدوں پر پورا اترنا ہمارا اولین فرض ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم دہشت گردی، انتہا پسندی اور دشمن کے تمام ہتھکنڈوں کا بھرپور جواب دیں گے، کیونکہ پاکستان کے عوام ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button