تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات، نئے اوقات کار کا اعلان
28 مئی سے قبل سکولوں کے اوقات کار صبح 7:30 سے 11:30 بجے تک ہوں گے

لاہور: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چھٹیاں 28 مئی سے شروع ہوں گی اور تعلیمی ادارے 15 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔
وزیر تعلیم نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا کہ 28 مئی سے قبل سکولوں کے اوقات کار صبح 7:30 سے 11:30 بجے تک ہوں گے۔
تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے اوقات کار پر سختی سے عمل کریں اور 11:30 بجے سے پہلے تمام طلبا کو چھٹی دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا – رابطے کا ذریعہ یا ذہنی دباؤ؟
رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ یہ فیصلے سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز پر یکساں لاگو ہوں گے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کی جانب سے تعطیلات اور نئے اوقات کار کے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔