پاکستان
ٹرینڈنگ

خضدار میں اسکول بس پر دہشتگردانہ حملہ، 3 طالبات سمیت 5 افراد جان سے گئے

شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، ڈرائیور اور ہیلپر بھی شہدا میں شامل

بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بچوں کو لے جانے والی بس پر دہشتگردانہ حملہ ہوا، یہ حملہ خودکش خودکش تھا، جس میں 3 بچیوں سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ 38 دیگر زخمی ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق زیرو پوائنٹ کے قریب پیش آنے والے دھماکے میں بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حملہ خودکش تھا، جس میں حملہ آور نے خود کو اسکول بس کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈی سی خضدار کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 بچے شہید ہوئے، جبکہ دیگر 38 زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے

شہید طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، اور مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔

خضدار میں اسکول بس پر دہشتگردانہ حملہ، 3 طالبات سمیت 5 افراد جان سے گئے


وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچ گئے

خضدار سانحے کے بعد وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف کوئٹہ روانہ ہوئے، ان کے ہمراہ وزراء خواجہ آصف، محسن نقوی اور عطا تارڑ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور دیگر صوبائی وزرا نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کی اہم اجلاسوں اور سیکیورٹی سے متعلق بریفنگز میں شرکت متوقع ہے، جب کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ: جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی


امریکی ناظم الامور کی مذمت

پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے واقعے کو سفاکانہ اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکول جانے والے بچوں کو کبھی خوف محسوس نہیں کرنا چاہیے، اور امریکہ پاکستان میں امن کے لیے کام کرنے والوں کا ساتھ دیتا ہے۔


آئی ایس پی آر کا سخت ردعمل: بھارت ذمہ دار قرار

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے جاری بیان میں کہا کہ خضدار حملہ بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک کی پشت پناہی سے کیا گیا، جس میں معصوم اسکول بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان کے مطابق یہ حملہ بھارت کی پراکسی تنظیموں کے ذریعے انجام دیا گیا، اور اس میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قوم کی حمایت سے دشمن کے ایسے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنائیں گی۔


بھارت کی ہدایات پر حملہ ہوا،سیکیورٹی اداروں کا دعویٰ

ذرائع کے مطابق یہ حملہ بھارتی انٹیلیجنس کی ناکامیوں کے بعد منصوبہ بند کیا گیا، اور اس کی ہدایات بھارت سے دی گئیں۔ حملے میں شامل سہولت کار اور دہشتگرد جلد گرفتار کیے جائیں گے۔


صدر و وزیراعظم کی مذمت اور انصاف کی یقین دہانی

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں پر حملہ برداشت سے باہر ہے، اور دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ زخمی بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہترین طبی سہولیات دی جائیں، اور حملے کے ذمہ داران کو فوری سزا دی جائے۔


ملک میں عدم استحکام کی کوشش ہے: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حملے کو ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کے ضیاع پر پوری قوم افسوس میں ہے، اور ایسی بزدلانہ کارروائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


اجیت دوول حملے کا ماسٹر مائنڈ: سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو حملے کا منصوبہ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے خون کا حساب لیا جائے گا۔


شرمناک اور قابل مذمت اقدام: علی امین گنڈاپور

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک حرکت ہے، اور ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button