پاکستان
ٹرینڈنگ

وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ: جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں اہم عسکری فیصلے کیے گئے

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں اہم عسکری فیصلے کیے گئے، جن میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ان کی شاندار عسکری قیادت کے اعتراف میں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی اور دفاعی امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جہاں وزیر اعظم نے قوم کو "آپریشن بنیان مرصوص” کی عظیم کامیابی پر مبارکباد دی۔ شرکائے اجلاس نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ایک نازک دور سے کامیابی کے ساتھ گزر کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

وفاقی وزرا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کی گئی جارحیت کے دوران پاکستانی فوج نے مثالی پیشہ ورانہ صلاحیت، اتحاد اور قربانی کا مظاہرہ کیا۔ جنرل عاصم منیر نے مشکل وقت میں مسلح افواج کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ جنرل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کی بدولت پاکستان نے عسکری محاذ پر شاندار کامیابی حاصل کی، جس کے نتیجے میں انہیں فیلڈ مارشل کے اعلیٰ فوجی رینک پر ترقی دینے کی تجویز منظور کی گئی۔

بعد ازاں، وزیر اعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں کابینہ کے اس اہم فیصلے سے آگاہ کیا۔

اس ترقی کے بعد جنرل عاصم منیر پاکستان کی تاریخ میں دوسرے فیلڈ مارشل بن گئے ہیں۔ اس سے قبل جنرل ایوب خان کو یہ رینک حاصل ہوا تھا۔ واضح رہے کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ پانچ ستاروں کا حامل ہوتا ہے جو پاکستان میں عسکری قیادت کا سب سے اعلیٰ رینک سمجھا جاتا ہے۔

اسی اجلاس میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت مکمل ہونے کے باوجود ان کی خدمات جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران جانفشانی کا مظاہرہ کرنے والے افسران، جوانوں، شہدا اور شہریوں کو اعلیٰ اعزازات سے نوازنے کی منظوری بھی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جب بھی مذاکرات ہونگے کشمیر کے معاملے پر بات ہوگی، دفتر خارجہ

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ردعمل

ترقی کی منظوری کے بعد جنرل عاصم منیر نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز قوم، مسلح افواج، شہدا اور غازیوں کے نام ہے۔ انہوں نے صدر مملکت، وزیر اعظم اور پوری کابینہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی اعزاز ہے جو پوری قوم کی قربانیوں کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ذمہ داری بڑی اہمیت کی حامل ہے جسے نبھانے کے لیے لاکھوں "عاصم” بھی قربان کیے جا سکتے ہیں۔

جنگ کا پس منظر

یہ کشیدگی بھارت کی جانب سے کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیے جانے کے بعد شروع ہوئی۔ اس کے نتیجے میں نئی دہلی نے پاکستان پر فضائی حملے کیے، جس کے جواب میں پاکستان نے "آپریشن بنیان مرصوص” کا آغاز کیا۔

بالآخر 10 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button