حجاج کرام کی سہولیات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت حج 2025 کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حجاج کرام کی سہولت میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت حج 2025 کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، چودھری سالک حسین، اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو حج کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور حج فنڈ پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ اس حوالے سے اقدامات حتمی مراحل میں ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حجاج کو سمز پاکستان ہی سے فراہم کی جائیں گی، اور حج موبائل ایپلی کیشن فعال کر دی گئی ہے تاکہ حجاج کو معاونت میں آسانی ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حج معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار، ان کی ذمہ داریوں اور دیگر انتظامات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حج ڈیوٹی پر بہترین شہرت رکھنے والے افسران تعینات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئینی اور ریگولر بینچز کے اختیارات کا کیس: ایڈیشنل رجسٹرار کو شوکاز نوٹس جاری

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حج 2025 کی تیاریوں میں کوئی کوتاہی یا سستی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور تربیت کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حجاج کرام کی رہائش، سفر، اور دیگر ضروریات کا خاص خیال رکھا جائے۔ معاونینِ حج کے انتخاب کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔

Exit mobile version