وفاقی کابینہ: مزید 16 آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدوں کی منظوری

وفاقی کابینہ نے پاک چین آئی پی پیز کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کی بھی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے مزید 16 آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدوں کی منظوری دی ہے، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 500 ارب روپے سے زائد کی بچت ہونے کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق یہ فیصلے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیے گئے۔

کابینہ نے 16 آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدے کی منظوری دی، جن سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ یہ نئے معاہدے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار کریں گے۔ وفاقی کابینہ نے پاک چین آئی پی پیز کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کی بھی منظوری دے دی اور کیپکو کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدے کا فیصلہ کیا۔

نئے معاہدوں کے بعد، ان آئی پی پیز کو لیٹ پیمنٹ سرچارج کی مد میں 80 ارب روپے نہیں ادا کرنا پڑیں گے۔ اس کے علاوہ، وفاقی کابینہ نے ایوی ایشن ڈویژن کو وزارت دفاع میں اور نارکوٹکس ڈویژن کو وزارت داخلہ میں ضم کرنے کی منظوری بھی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بجلی پیدا کرنے والی سرکاری کمپنیوں کی کیپیسٹی پیمنٹ وصولی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ سرکاری جنکوز کا کیا کام ہے کہ وہ یہ پیمنٹ لیں، کیونکہ وہ حکومت کے منصوبے ہیں اور ڈالر میں ادائیگیاں ایک بڑا چیلنج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے ضلع کچھی میں آپریشن، 27 دہشتگرد ہلاک

شہباز شریف نے وزارت توانائی کی ٹاسک فورس کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹاسک فورس تین ہزار میگاواٹ کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور بڑی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس معاملے میں مکمل یکسوئی کی ضرورت ہے۔

مزید برآں، شہباز شریف نے اسلام آباد میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے ایک کانفرنس میں شرکت کا ذکر کیا، جس میں خواتین کی تعلیم سے متعلق اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے متعدد مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل کا حل ضروری ہے۔

Exit mobile version