اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے چین کی سرمایہ کاری کو کلیدی حیثیت قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔
چینی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان رواں سال جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس کے ذریعے 200 سے 250 ملین ڈالرز کے سرمائے کا حصول چاہتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ مصر کے یوآن بانڈ ماڈل کی طرز پر پاکستان بھی یوآن بانڈز جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے لیے ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے بینک گارنٹی کے معاملات زیر غور ہیں۔
انہوں نے سی پیک کے اگلے مرحلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ مزید مضبوط تعاون کا خواہاں ہے۔ سی پیک کے نئے فیز میں خصوصی اقتصادی زونز، زراعت، اور آئی ٹی کے شعبوں کو وسعت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے، وزیراعظم
وفاقی وزیر نے چینی نجی شعبے اور برآمدی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بڑی چینی کمپنیاں پاکستان میں اپنے برآمدی یونٹس منتقل کر سکتی ہیں اور اسے ایک برآمدی مرکز کے طور پر استعمال کر سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں برآمدی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی، جس سے قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ کم ہوگا۔ مزید برآں، چینی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اقدامات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے، ملک میں عالمی کانفرنسز کا انعقاد ہو رہا ہے اور غیر ملکی وفود کی آمد جاری ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔